یمنی صدر عبدربه منصور ہادی نے جمعے کے روز مارب میں تھرڈ ملٹری ریجن کے
کمانڈر میجر جنرل عبدالرب الشدادی کے تعزیتی اجلاس میں ہونے والے دھماکے کی
منصوبہ بندی کا الزام حوثی باغیوں پر عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باغی
قتل و غارت اور تباہی پھیلانے کے لیے کسی بھی کارروائی سے نہیں ہچکچاتے۔ یمنی ذرائع کے مطابق تعزیتی خیمے میں حوثیوں کی جانب سے نصب کیے جانے والے
دھماکا خیز
مواد کے پھٹنے سے کم از کم 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے
تھے۔ کسی بھی تنظیم یا جماعت کی جانب سے ابھی تک اعلانیہ طور پر دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
میجر جنرل عبدالرب الشدادی گزشتہ ہفتے مارب صوبے کے مغرب میں صراوح کے محاذ
پر جھڑپوں کے دوران جاں بحق ہو گئے تھے۔ سرکاری فوج اور عوامی مزاحمت
کاروں کی یہ جھڑپیں حوثی باغیوں اور معزول صدر صالح کی ملیشیاؤں کے ساتھ
ہوئیں۔